اسرائیلی سرکاری ٹی وی نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتین یاھو نےبیت المقدس میں مزید 426 مکانات کی منظوری دیتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق نیتن یاھو نے نئے مکانات کی تعمیرکی منظوری کا فیصلہ ملک کے دورے پر آئے امریکی نائب صدر جوزف بائیڈن سے خفیہ رکھا، اور ان کی ایئرپورٹ سے روانگی سے کچھ ہی دیر پہلے وزیراعظم کی جانب سے نئی تعمیرات کی منظوری کا اعلان کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے جوبائیڈن کی روانگی سے قبل وزیراعظم نے بیت المقدس میں تعمیرات کی توسیع کے دو الگ الگ منصوبوں کے لیے ٹینڈر منظور کیے، ان میں سے 309 مکانات بیت المقدس کےوسط میں”نفیہ یعقوف” کے مقام پر تعمیر کیے جائیں گے جبکہ دیگر کو شمالی بیت المقدس میں تعمیر کیا جائے گا۔
امریکی نائب صدر سے منصوبے کو خفیہ رکھنے کا مقصد امریکی تنقید سے بچنا ہے۔ حال ہی میں مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیل کی طرف سے مزید تعمیرات کے اعلان پر امریکا نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تعمیرات کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ٹی وی نے بائیں بازوں کی ایک تنظیم” سلام الآن” کے راہنما کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومت بیت المقدس اور مغربی کنارے کے درمیان تعمیرات کے ایک وسیع منصوبے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد دونوں علاقوں بالخصوص مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارے کے درمیان فصیل کھڑی کرکے دونوں علاقوں کو الگ الگ کرنا ہے۔