تل ابیب – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران پر جارحیت کے آغاز سے اب تک 3834 افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے 74 تاحال زیر علاج ہیں۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگ کے آغاز سے بدھ 18 مارچ سنہ 2026ء کی شام 6:00 بجے تک 3834 زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 74 افراد اس وقت طبی امداد حاصل کر رہے ہیں۔
بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ زیر علاج افراد میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ 6 کی حالت سنگین اور 11 کی حالت درمیانی درجے کی ہے جبکہ 56 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔
یاد رہے کہ قابض اسرائیلی وزارت صحت نے منگل کی شام ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں کی تعداد 3727 بتائی تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 107 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تل ابیب یونیورسٹی سے وابستہ انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سکیورٹی اسٹڈیز کے مطابق موجودہ جنگ کے آغاز سے اب تک 14 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب قابض اسرائیل ایران کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر سخت سینسر شپ برت رہا ہے اور قابض فوج نے نشانہ بننے والے مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز نشر کرنے اور ان پر تبادلہ خیال کرنے کے خلاف وارننگ جاری کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ 28 فروری سے قابض اسرائیل اور امریکہ ایران پر جارحیت کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں سینکروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ سکیورٹی حکام شامل ہیں۔
