Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

اسرائیل غزہ میں شہداء کی لاشوں کی بے حرمتی کر رہا ہے: منیر البرش

غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن

غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے پیر کے روز مزید 45 فلسطینی شہداء کی لاشیں واپس کی ہیں جس کے بعد جنگ کے آغاز سے اب تک موصول ہونے والی لاشوں کی کل تعداد 270 ہو گئی ہے۔

منیر البرش نے اپنے بیان میں کہا کہ واپس کی گئی لاشیں قابض اسرائیل کی جانب سے روا رکھے گئے سنگین اور لرزہ خیز جرائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ شہداء وحشیانہ قتل و تشدد کا نشانہ بنائے گئے۔ ان کے چہرے جلا دیے گئے تاکہ ان کی شناخت ممکن نہ رہے اور ان کے جسموں کے اندرونی اعضا بے دردی سے چاک کیے گئے”۔

انہوں نے قابض اسرائیل کی درندگی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ “یہ لاشیں خاموش نہیں، یہ اپنی زمین کے نام پیغام ہیں، ان کے جسم مٹی سے باتیں کرتے ہیں اور وطن کے لیے دیے گئے آخری وعدے کی گواہی دیتے ہیں”۔

منیر البرش نے سوال اٹھایاکہ “آخر کوئی انسان اپنے ہاتھوں سے مارے گئے لوگوں کی باقی ماندہ انسانیت کے ساتھ بھی اتنا ظلم کیسے کر سکتا ہے؟ اور وہ عالمی طاقتیں جو انصاف اور قانون کا دعویٰ کرتی ہیں، وہ اس ہولناک منظر کے سامنے خاموش کیوں ہیں”۔

انہوں نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، “کہاں ہیں وہ جو انسانیت کے دفاع کے دعوے کرتے ہیں؟ کہاں ہیں وہ عالمی عدالتیں جو انصاف کا پرچم اٹھانے کا دم بھرتی ہیں؟”

منیر البرش نے واضح کیا کہ یہ شہداء کی لاشیں قابض اسرائیل کے جرائم اور عالمی ضمیر کی مجرمانہ خاموشی کا زندہ ثبوت ہیں۔ ان کے مطابق “یہ پاک لاشیں دنیا کے اس جھوٹے تمدن پر گواہ رہیں گی جو رحم و انسانیت کے دعوے تو کرتا ہے مگر دراصل ظلم، تواطؤ اور خاموشی کی دلدل میں ڈوبا ہوا ہے۔”

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے پیر کے روز شہداء کی لاشوں کی ساتویں کھیپ وصول کی، جس میں وہی 45 لاشیں شامل تھیں جنہیں قابض اسرائیل نے اپنی حالیہ جارحیت کے دوران قبضے میں لیا تھا۔

وزارت صحت نے بتایا کہ طبی عملہ اور شہداء کے اہل خانہ لاشوں کی شناخت میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ زیادہ تر اجساد پر اذیت، تشدد اور بربریت کے واضح نشانات موجود ہیں۔

ایک سابق بیان میں منیر البرش نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ قابض اسرائیلی فوج نے بعض شہداء کے جسموں سے اعضا چوری کیے۔ ان کے بقول وزارت صحت کی ٹیمیں جب یہ لاشیں وصول کرتیں تو ان کی حالت دیکھ کر ششدر رہ جاتیں۔

یہ تمام حقائق اس امر کی تصدیق کرتے ہیں کہ قابض اسرائیل غزہ کے شہداء کے ساتھ بھی اپنی درندگی سے باز نہیں آ رہا۔ زندہ فلسطینیوں پر ظلم ڈھانے کے بعد وہ ان کے مقدس جسموں کی بے حرمتی کر کے انسانیت کے منہ پر طمانچہ مار رہا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan