اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کی جانے والی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے حماس نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کا دفاع لبنان کا حق ہے۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے گاؤں عدیسہ میں لبنانی سرحدات کی پامالی کے ساتھ ساتھ لبنانی فوج اور پرامن شہریوں پر بمباری کر کے چار لبنانیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا ہے۔ اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے دفتر اطلاعات سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس صہیونی فوج کے لبنان پر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور سمجھتی ہے کہ اسرائیل مسلسل اپنی دشمنانہ روش اور جرائم پیشہ طبیعت پر قائم ہے اس نے عالمی قوانین اور بین الاقوامی سرحدات کی پامالی کا جرم بھی کیا ہے۔ حماس نے لبنانی فوج کے موقف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی فوج کو صہیونی جارحیت پر قابو پانے اور لبنانی خود مختاری اور سرزمین کے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ حماس نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی غرور اور قابض صہیونی ریاست کی فوج کو لگام دے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں دراندازی کر کے بمباری کرنے، غزہ کی پٹی پر مسلسل حملوں، مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردی کے مظاہروں سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ اسرائیل صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتا ہے۔