اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد الضیف نے کہا ہے کہ القسام بریگیڈ آج زیادہ طاقتور اور مضبوط ہوچکی ہے اور انسان دشمن صہیونیوں کے خلاف جہاد و قتال کی بھرپور کارروائیاں کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ حماس کے آغاز کو 23 برس بیتنے کی مناسبت سے القسام بریگیڈ کی ویب سائٹ پر شائع کردہ الضیف کے بیان میں فلسطینی قوم کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ قوم کو ڈرانے دھمکانے کی اسرائیلی کوششوں اور شروع کی گئی ذرائع ابلاغ کی جنگ پر کان نہ دھرے جائیں۔ اس طرح کی میڈیا مہم کا مقصد فلسطینیوں کی مزاحمت کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل 23 سال میں حماس کے زور کو نہ توڑ سکا، اتنے طویل عرصے کی شاندار جہادی کارروائیوں اور بے مثال قربانیوں کے بعد آج القسام بریگیڈ انتہائی مضبوط ہو چکی ہے، اس پر قابو پانا اسرائیل کے بس سے باہر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل القسام نے بتایا کہ غاصب یہودیوں کے خلاف طویل عرصے کی مزاحمت، قتال اور جہاد کے باوجود ہم تھکاوٹ کا شکار نہیں ہوئے، القسام آج بھی صہیونی مجرموں کے خلاف کارروائیوں کے لیے کمر بستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ کی مدد و نصرت کو ساتھ لیتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ چاہے کتنا ہی عرصہ بیت جائے اور چاہیے کتنی ہی قربانیاں دینی پڑیں، اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔ اس موقع پر الضیف نے قوم کی قربانیوں اور اسرائیلی عقوبت خانوں میں مظالم کے شکار فلسطینی اسیران کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان کے آخر میں الضیف نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’تم زوال کی طرف بڑھ رہے ہو، فلسطین القدس، مسجد اقصی، شہروں اور قصبوں کے ساتھ باقی رہے گا، بحر سے نہر تک، شمال سے جنوب تک، فلسطین کے کسی ایک چپے پر بھی تمہارا حق نہیں ہے۔ جب تک یہاں ایک مسلمان بھی زندہ ہے تمہیں اس سرزمین پر سفید پرچم لہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘