مقبوضہ فلسطین کے 1948ء کے مقبوضہ علاقے عرابہ میں اسرائیلی وزیر مملکت یتزحاک اھرونوویٹش کی آمد کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے وہاں سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پراسرائیلی وزیر کی آمد کے خلاف، اسرائیل کے غزہ اور مغربی کنارے میں جاری جنگی جرائم، فلسطین میں یہودیوں کو غیر قانونی اسلحہ کی فراہمی اور فلسطینیوں پر یہودی آباد کاروں کے حملوں میں صہیونیوں کی سرپرستی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیلی وزیرکی گاڑی پر اس وقت پھتراؤ کیا جب ان کی گاڑی ایک سرکاری عمارت سے نکل رہی تھی۔ صہیونی پولیس نے پتھراؤ کرنے والے افراد کا تعاقب کیا تاہم وہ بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔