مصری محکمہ سراغرسانی کے وزیر عمر سلیمان نے اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک سے ملاقات کی ہے دونوں نے علاقے کے سیکیورٹی معاملات میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
کثیر الاشاعت اسرائیلی اخبار ’’ یدیعوت احرنوت‘‘ کے مطابق پیر کے روز ہونے والی ملاقات میں ایہود باراک اور سلیمان نے مشرق وسطی کے سیکیورٹی مسائل پر خصوصی بات چیت کی ہے۔ فریقین نے جنوبی اور شمالی مقبوضہ فلسطین میں امن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اخبار کے مطابق دونوں کے مابین ہونے والی اس ملاقات کا پس منظر دراصل اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کو حماس کی قید سے آزاد کرانا اور اسرائیل، لبنان اور شام کے درمیان روز افزوں کشیدہ ہوتے حالات سے پیدا ہونے والے حالیہ بحران پر قابو پانے پر غور کرنا تھا۔
اس موقع پر مصری محکمہ سراغرسانی کے وزیر نے بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد علاقے میں پچھلے بیس ماہ سے قائم نسبتا پر سکون حالات کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام دوستوں سے فوری طور پر امن کوششوں کو آگے بڑھانے کی اپیل کرتے ہیں۔ یہ ہی وہ چیز ہے جس کی ہم نے ہمیشہ تمنا کی ہے ہم نے ہمیشہ اس علاقے میں امن وسلامتی کے تحفظ کی بات کی ہے۔
اخبار کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے مصری صدر حسنی مبارک کے دست راست کا استقبال کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا، انہوں نے علاقے میں امن کے قیام کے لیے مصری کوششوں اور جد وجہد کی تعریف کی، یاد رہے کہ پروگرام کے مطابق اپنے دورے کے دوران مصری وزیر کی صہیونی وزیر اعظم سمیت دیگر اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقات بھی طے ہے۔