اسرائیلی وزیراعظم کی سیکرٹریٹ میں ہفتے کی شام اچانک لگنے والی آگ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر دفتری ریکارڈ اور دوسرا قمیتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ تاہم آتشزدگی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
برطانوی خبر رساں ادارے “رائٹرز” کے مطابق وزیراعظم کے دفتر کی بیسمنٹ میں اس وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی جب تمام عملہ چھٹی کر کے جا چکا تھا۔ آتشزدگی کے فوری بعد فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیاٍ، تاہم آگ پر کچھ دیر بعد قابو پایا جا سکا۔ اس دوران بڑی مقدار میں دفتری سامان اور ریکارڈ جل کر خاکستر ہو گیا۔
اسرائیلی روزنامے “یدیعوت احرونوت” کے آن لائن ایڈیشن کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے اور بادل دور سے دکھائی دے رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے اس واقعے میں وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا اہم نوعیت کا ریکارڈ بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ حکومت نے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاہم ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔