اسرائیلی درندہ صفت فوجی اہلکاروں نے مغربی کنارے کے ضلع نابلس کی مشرقی فوجی چیک پوسٹ کے قریب سے گزرنے والے ایک 21 سالہ فلسطینی نوجوان کو براہ راست فائرنگ کر کے شہید کر ڈالا۔ کارروائی کے بعد صہیونی فوج نے نوجوان کی لاش کو اپنے قبضے میں لیے رکھا اور سارے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان احمد محمود راغمہ پیادہ پا اس خونی چیک پوسٹ کے قریب سے گزر رہا تھا کہ فوجیوں نے جان بوجھ کر اس پر فائر کھول دیا جس سے دراغمہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، ادھر فوجی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ نوجوان نے ان پر حملہ کی کوشش کی تھی جس کے جواب انہوں نے اس پر گولیوں کو بوجھاڑ کی، بے گناہ فلسطینی نوجوان کو قتل کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے شہریوں کی چیک پوائنٹ کی طرف آمد کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ خیال رہے کہ مغربی کنارے کا انتظام فلسطینی اتھارٹی کے پاس ہونے کے باوجود اسرائیلی فوج نے پورے مغربی کنارے کے تمام شہروں اور کیمپس میں 650 چیک پوائنٹس قائم کر رکھی ہیں، یہ چیک پوائنٹس اسرائیلی فوج کے لیے مستقل انتظامی کنٹونمنٹس کا کام سرانجام دیتی ہیں۔