( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لخلیل ۔ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نو عمر فلسطینی لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے ایک بیان کے مطابق 12 سالہ محمد العلامی اپنے والد کے ہمراہ الخلیل کے بیت عمر میں ایک فوجی چیک پوائنٹ سے گزر رہا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
نوعمر فلسطینی محمد العلامی حالیہ دنوں میں جاں بحق ہونے والے دوسرے ایسے فلسطینی ہیں جو کہ اسرائیلی گولیوں کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ فوجیوں نے ناکے کے قریب ایک شخص کو گاڑی سے نکل کر زمین میں کھدائی کرتے دیکھا گیا۔
اس سے قبل ہفتے کے روز 17 سالہ فلسطینی محمد منیر التمیمی بھی ایک روز قبل لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق فلسطینی لڑکے کو بیتا قصبے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 320 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔