اسرائیلی فوج کے جتھے مقبوضہ بیت المقدس میں پھیل گئے، مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصی اور اولڈ میونسپلٹی میں گردش کرتے صہیونی فوجیوں کی کثرت سے شہر فوجی چھاؤنی کی منظر کشی کرنے لگا۔ حسب سابق اس جمعہ کے روز بھی سکیورٹی کے نام پر اسرائیلی فوجی شہر کی گلیوں اور چوراہوں پر پھیل گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی کثیر تعداد مسجد اقصی کے دروازوں کے گرد جمع ہو گئی ہے اور علی الصبح ہی مسجد اقصی جانے والوں کی نگرانی شروع ک ردی، مقدس ماہ رمضان سے قبل آخری جمعہ کے دن اسرائیلی فوج نے 45 سال کے کم عمر فلسطینیوں کے مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ نوجوانوں کو مسجد جانے سے روکنے کے لیے فوجیوں کی بڑی تعداد باب عامود اور باب اسباط کے باہر کھڑی رہی، صہیونی فوجی ذرائع کے مطابق اس کڑی نگرانی کا مقصد علاقے میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کا سد باب کرنا ہے۔