غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ 110ویں روز بھی جاری رکھا، جہاں شدید فائرنگ، توپ خانے کی بمباری اور عمارتوں کو دھماکوں سے اڑانے کی کارروائیاں مختلف محاذوں پر کی گئیں۔
طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ نوجوان حسام ابو کریم کی شام غزہ پٹی کے وسط میں واقع المغازی کیمپ میں شہریوں کے ایک گروہ پر قابض اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید ہو گئے۔
اسی طرح دو مزید فلسطینی شہری قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہوئے، جبکہ قابض افواج نے غزہ میں سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ 110ویں روز بھی جاری رکھا، جس میں شدید فائرنگ، توپ خانے کی گولہ باری اور نسف کی کارروائیاں شامل تھیں۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ نوجوان انور فوزی السطری آج جمعرات کی شام مشرقی رفح کے الجنینہ محلہ میں قابض اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد شہید ہو گئے۔
طبی ذرائع نے کی صبح اطلاع دی کہ 19 سالہ شہید اسامہ عمران کی لاش خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال منتقل کی گئی، جنہیں شہر کے مشرقی علاقے شیخ ناصر محلہ میں قابض اسرائیلی افواج نے سینے میں گولی مار کر نشانہ بنایا۔
اس سے قبل ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی کہ 32 سالہ شہری احمد رمزی بربخ خان یونس میں آل بربخ محلہ میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کی سڑک کے قریب قابض اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔
اسی دوران نوجوان احمد البورنو غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون محلہ میں واقع الحریہ سکول میں قابض اسرائیلی فوجی رافعات سے چلائی گئی گولی سے زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ پٹی کے شہر رفح میں رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا اور شہر کے شمالی علاقوں میں اپنی فوجی گاڑیوں اور طیاروں سے شدید فائرنگ جاری رکھی۔
قابض افواج نے خان یونس کے مشرقی علاقوں اور غزہ پٹی کے وسط میں واقع البریج کیمپ کے مشرقی حصوں پر بھی فائرنگ کی۔
قابض اسرائیلی ہیلی کاپٹر طیاروں نے غزہ شہر کے مشرقی کناروں پر شدید فائرنگ کی، جو شہر کو مسلسل نشانہ بنانے کی سفاکانہ کارروائیوں کا حصہ ہے۔
سیز فائر معاہدے کے نفاذ کے بعد سے قابض اسرائیلی افواج اپنی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 508 فلسطینیوں کو شہید اور 1356 کو زخمی کر چکی ہیں۔
7 اکتوبر سنہ2023ء سے جاری نسل کش جنگ کے آغاز سے اب تک قابض اسرائیلی افواج 71,667 سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور 171,343 سے زیادہ کو زخمی کر چکی ہیں، جبکہ شہری انفراسٹرکچر کا تقریباً 90 فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی تعمیر نو کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 70 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
