اسرائیل کی جانب سے غزہ کے سرحدی علاقوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کے واقعات جاری ہیں، اسی طرح کی ایک جارحیت میں شمالی غزہ میں بیت حانون کراسنگ کے قریب عمارتی میٹیریل اٹھانے والے چار مزید مزدور شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ فلسطین کی میڈیکل سروسز کے میڈیا کوآرڈینیٹر ادھم ابوسلمیہ نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ زخمی ہونے والے چاروں افراد مزدور تھے، ان سب کی ٹانگوں میں گولیاں لگی ہیں۔ دو زخمیوں کو کمال عدوان ہسپتال جبکہ ایک زخمی کو بلسم کے فوجی ہسپتال اور ایک کو بیت حانون ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابوسلمیہ نے انسانی حقوقی کی عالمی تنظیموں سے اسرائیل کی جانب سے اہل غزہ پر کیے جانے والے ان حملوں پر فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اسرائیلی بری فوج غزہ کی مشرقی جانب سے مزدوروں پر جبکہ بحری فوج مغربی جانب سے مچھیروں پر فائرنگ کرتی رہتی ہے۔ حالیہ دنوں ان حملوں میں تیزی دیکھی گئی اور صرف چوبیس گھنٹے کے اندر سات فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔