اسرائیلی صدر شمعون پیریز نے قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب حسنی مبارک سے اہم ملاقات کی ہے. ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص مشرق وسطیٰ میں امن عمل میں پیش رفت اور فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے موضوع پرتفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا. مصری خبررساں ایجنسی” شرق الاوسط” کے مطابق مصری اور اسرائیلی صدور کےدرمیان ہونے والی بات چیت میں چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم کی حسنی مبارک سے ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھا گیا. دونوں راہنماٶں نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے ساتھ براہ راست بات چیت شروع کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا. ذرائع کے مطابق مصری صدر نے شمعون پیریز سے کہا کہ وہ دو ریاستی حل کے لئے جرات مندانہ فیصلے کریں. صہیونی صدر نے عرب لیگ کی فالو اپ کمیٹی کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کو اسرائیل سےبراہ راست بات چیت کا مینڈیٹ دینے کی بھی تعریف کی. اسرائیل فلسطین براہ راست بات چیت شروع کرانے کے حوالے سے انہوں نے مصری کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں قاہرہ نے اہم کردار ادا کیا ہے.