نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 45 سالہ ایک فلسطینی الشیخ عاطف یوسف حنایشہ شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حنایشہ کو نابلس کے مشرق میں بیت دجن کے مقام پر گولیاں ماری گئیں جہاں فلسطینیوں نے قابض فوج کے خلاف ایک احتجاجی جلوس نکال رکھا تھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ الشیخ حنایشہ بیت دجن قائم مسجد موسیٰبن نصیر میں موذن تھے۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ٓاسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کرنے کا اعتراف کیا ہے اورکہا ہے کہ فلسطینی شہری کو گولی اس وقت ماری گئی جب وہ اسرائیل مخالف ایک ریلی میں شریک تھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔یہ ریلی اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے بانی رہ نما شہید الشیخ احمد یاسین کی یاد میں نکالی گئی تھی۔
قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی، دھاتی گولیاں، صوتی بم اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔