(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما سید ازہر علی ہمدانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے گذشتہ روز شام کے دارلحکومت دمشق میں اسرائیلی فضائیہ کی کاروائی کو جنگی جرائم سے تشبیہ دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تحریک آزادی فلسطین کے لئے سرگرم عمل رہنما سمیر القنطار کی شہادت کو امت مسلمہ کے لئے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب اور دہشت گرد ریاست ہے کہ جس نے ہمیشہ مظلوموں کو قتل کرنے اور ان پر ظلم ڈھانے کے سوا کچھ نہیں کیا ، ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل پہلے بھی تحریک آزادی فلسطین کے لئے سرگرم عمل رہنماؤں کو اپنی سفاکانہ دہشت گردانہ کاروائیوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کاکہنا تھا کہ سمیر قنطار ایک بہادر اور نڈر انسان تھے کہ جنہوں نے قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ تسلط کے خاتمے کے لئے اپنی جوانے سے ہی عملی جد وجہد کا آغاز کیا اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد و نصرت کرنے کے جرم میں انہیں صیہونی غاصب ریاست نے گرفتار کر کے تیس سال تک قید رکھا اور سخت ترین مظالم کا نشانہ بنایا، شہید رہنما ہمیشہ فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کے حقوق کے لئے سرگرم عمل رہتے تھے یہاں تک کہ گذشتہ روز ظالم دشمن نے انہیں ان کی رہائش گاہ پر کچھ ساتھیوں کے ساتھ فضائی حملوں کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔
واضح رہے کہ شہید سمیر قنطار اسرائیلی جیلوں میں تیس سال قید رہنے کے بعد اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کاوشوں سے سنہ2008ء میں آزاد ہوئے تھے اور آپ نے اپنی آزادی کے ساتھ ہی اعلان کیا تھا کہ اپنی جد وجہد کو جاری رکھیں گے