اسرائیلی جیل ’’عوفر‘‘میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے اسیران نے فتح سے تعلق رکھنے والے اسیران کا استقبال کیا اور ان سے مصافحہ اور معانقہ کیا- عوفرجیل میں حماس کے نمائندے ہانی ابو سباع نے کہاکہ دونوں تحریکوں کے کارکنوں کے درمیان بھائی چارے اور محبت کے اظہار کا منظر انتہائی دلکش تھا – حماس کے اسیران نے قطار بنا کر فتح کے اسیران سے مصافحہ اور معانقہ کیا – اس موقع پر حماس کے نمائندے نے فتح کے اسیران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ’’جیل کی سلاخوں نے ہمیں اکٹھا کردیا ہے – ہماری مشکلات اور اور ہمارا مسئلہ ایک ہے – ہم کسی کواپنے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے – تعلقات ایسے مثالی ہونے چاہئیں کہ اس کے اثرات جیل کے باہر ہماری تحریکوں کے کارکنوں پر پڑیں -‘‘ اس موقع پر فتح کے اسیران کے نمائندے شادی شلالدہ نے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ ’’ہمیں اسلامی مقدسات پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک ہونا چاہیے – جیلوں میں ہمارے اتحاد کے اثرات جیل سے باہر قیادت پر مرتب ہونے چاہئیں-