غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 26 شہدا اور 68 زخمی غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
وزارت صھت نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد متاثرین اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں جبکہ قابض اسرائیل کی مسلسل بمباری اور سکیورٹی رکاوٹوں کے باعث ایمبولینس اور امدادی ٹیمیں تاحال ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
وزارت صحت نے وضاحت کی کہ گیارہ اکتوبر سنہ 2025ء کو سیز فائر کے اعلان کے بعد سے اب تک شہدا کی تعداد بڑھ کر 523 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1,433 تک جا پہنچی ہے۔ اس کے علاوہ 715 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں۔
اس طرح سات اکتوبر 2023ء سے غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد 71,795 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 171,551 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ اعداد و شمار قابض اسرائیل کی جانب سے جاری سفاکیت اور فلسطینی عوام کے خلاف منظم نسل کشی کی ایک اور دل دہلا دینے والی تصویر پیش کرتے ہیں جبکہ عالمی برادری کی خاموشی اس انسانی المیے کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔
