بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے لبنان پر جاری قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تعداد 850 شہدا اور 2105 زخمیوں تک جا پہنچی ہے جن میں 107 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ روزانہ کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ گذشتہ آدھی رات سے اب تک قابض اسرائیل کی فضائی غارت گری کے نتیجے میں مزید 24 افراد شہید اور 96 زخمی ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہید ہونے والے بچوں کی تعداد 107 ہو گئی ہے جبکہ زخمی بچوں کی تعداد 331 تک پہنچ چکی ہے جو اس سفاکیت کا سب سے المناک پہلو ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہدا میں مردوں کی تعداد 677 ہے جبکہ 1415 مرد زخمی ہوئے، اسی طرح خواتین میں 66 شہادتیں اور 359 زخمی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ یہ مجرمانہ حملے صحت کے شعبے تک پھیل چکے ہیں جہاں اب تک 5 ہسپتال، 30 ایمبولینس گاڑیاں اور 13 طبی مراکز قابض دشمن کی بمباری سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ طبی تنصیبات پر مجموعی طور پر 46 حملے درج کیے گئے ہیں۔ ان وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں طبی شعبے سے وابستہ 32 اہلکار شہید اور 58 زخمی ہوئے ہیں۔
