اسرائیلی رکن پارلیمنٹ ارے ایلداد نے برٹش کو کتوں سے تشبیہ دی ہے۔
انہوں نے برطانیہ کی جانب سے اسرائیلی سفارت کار کو ملک بدر کیے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ حماس کے رہنما کے قتل میں اسرائیل کو مؤرد الزام ٹھہرانے کو برداشت نہیں کرسکتے۔ برطانیہ منافقت سے کام لے رہا ہے، برٹش کتوں کی طرح ہیں۔
ارے ایلداد نے مزید کہا کہ میں برٹش کو ”کتے” کہہ کر کتوں کی توہین نہیں کرنا چاہتا کیونکہ اکثر کتے اپنے مالک سے وفاداری کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی میں حماس کے رہنما کے قتل کے منصوبے میں برطانوی پاسپورٹ استعمال ہونے کی تصدیق کے بعد برطانیہ نے اسرائیلی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے برطانوی پارلیمنٹ کے دارالعوام میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کے قوی شواہد ہیں کہ اسرائیل نے پاسپورٹوں کا غلط استعمال کیا ہے اور اسرائیل اس کا ذمہ دار ہے۔ حکومت نے حماس رہنما کے قتل کا سخت نوٹس لیا ہے۔ برطانوی پاسپورٹوں کا اس طرح کا غلط استعمال ناقابل برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر واضح کردیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسی کوئی حرکت نہیں ہونی چاہیے۔
ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا کہ اس بات کے بھی قوی امکانات ہیں کہ اس کارروائی میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد شامل ہو، کیونکہ اسرائیل ایک قریبی اتحادی ہے اس لیے رنج اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ دوسری جانب کادیما پارٹی کے رکن پارلیمنٹ یعقوب ادرے نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف برطانیہ کو مشترکہ مفادات نہیں بھولنے چاہئیں۔