ترکی کے شہر استنبول میں مصری کونسل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا- یہ مظاہرہ غزہ کے لیے یورپی امدادی قافلے پر مصری پولیس کے تشدد کے خلاف کیا گیا- ذرائع کے مطابق جب ترکی کے شہریوں کو مصر کی بندرگاہ پر موجود یورپی امدادی قافلے پر تشدد کی خبر ملی تو آدھی رات گزرنے کے باوجود سینکڑوں افراد گھروں سے نکل آئے اور مصری کونسل خانے کے سامنے جمع ہو گئے- انہوں نے مصری صدر حسنی مبارک کی تصویر والے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جس میں مصری صدر سابق اسرائیلی وزیر خارجہ زیپی لیونی سے مصافحہ کر رہے ہیں- مصری کونسل خانے کے باہر پولیس کی بھاری نفری کے باوجود مشتعل مظاہرین نے کونسل خانے کی عمارت پر پتھراو کیا- انہوں نے دھمکی دی کہ یورپی امدادی قافلے پر دوبارہ تشدد کی صورت میں وہ کونسل خانے کے اندر داخل ہو جائیں گے- واضح رہے کہ مصری بندر گاہ عریش پر موجود یورپی امدادی قافلے ’’شہ رگ زندگی3‘‘ پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد کارکن زخمی ہوئے- قابل ذکر بات یہ ہے کہ امدادی قافلے میں ترکی کے پانچ ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں-