برطانیہ کے اخبار لندن ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق آئر لینڈ میں اسرائیلی سفارت خانے کے سیکیورٹی اتاشی کو ملک بدر کیا جائیگا کیونکہ حماس رہنما محمد مبحوح کی شہادت میں ملوث ملزمان کے جعلی پاسپورٹ سیکنڈل میں سیکورٹی اتاشی کو ملوث قرار دیا جا رہا ہے۔
اخبار کے مطابق آ ئرش وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے حکومت کی طرف سے اسرائیلی سفارت کار کو ملک سے بے دخل کرنے کی تجویز کو قبول کیا ہے ۔اسرائیلی سفارت کار کو اس فیصلے کے بارے میں با خبرکیا گیا ہے۔ اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فیصلے کو دو ہفتے تک التوا میں رکھا جا رہا ہے تاکہ اسے آزادی بحری بیڑے پر اسرائیلی حملے کے رد عمل کے طور پر نہ دیکھا جاسکے۔
آئر لینڈ میں عوامی سطح پر حکومت کے خلاف دباو بڑھ رہا ہے کہ وہ اسرائیلی فورسز کی طرف سے آزادی بحری بیڑے پر حملے کخلاف سخت رویہ اپنائے۔ واضح رہے امدادی بحری بیڑے میں آئرلینڈ کے شہری بھی موجود تھے جو ابھی تک اسرائیلی حراست میں ہیں۔