لبنانی حکام نے اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی”موساد” کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک نیٹ کا سراغ لگا کر گروہ کے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے، جن سے تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ان کے اسرائیلی فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی براہ راست روابط تھے۔
لبنان کے عربی اخبار”السفیر”نے اپنی جمعرات کے روز کی اشاعت میں لبنانی حکام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ پولیس نے ملک کے شمالی اضلاع سے کم ازکم چار افراد کو ”موساد” کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار کیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے جبکہ دوران تفیش ملزمان نے موساد کے ساتھ روابط کا اعتراف کیا ہے۔ ان کی نشاندہی پر گروہ کے مزید عناصر کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب لبنان کی ایک فوجی عدالت نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل لبنان میں اپنا جاسوسی نیٹ ورک مضبوط بنانے کے لیے ملک کی جنوبی سرحد سے اپنے ایجنٹوں کو لبنان بھیج رہا ہے، جو مقامی شہریوں کو موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے لیے بھرتی کرتے ہیں۔
فوجی ٹریبونل کے جج جسٹس الحاج سمیح نے کہا کہ اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے زیرحراست مختلف افراد نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل لبنان کی جنوبی سرحد سے موساد کے افسروں اور اہلکاروں کو لبنان میں داخل کررہا ہے۔
فوجی جج کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی افسر لبنانی شہریوں کو موساد کا ایجنٹ بھرتی کرنے کے بعد انہیں جنوبی سرحد سے مقبوضہ فلسطین لے جاتے ہیں جہاں انہیں مختلف عسکری مہمات کی تربیت اور جاسوسی کے گر سکھائے جانے کے ساتھ ساتھ انہیں ان اہداف بتائے جاتے ہیں۔ بعد ازاں انہیں دوبار ہ لبنان کے انہی علاقوں میں بھیج دیا جاتا ہے۔