اسرائیلی صدر شمعون پیریز کے ارجنٹائن آمد کے خلاف مقامی شہریوں اور ارجنٹائن میں مقیم عرب ممالک کے باشندوں نے ان کے خلاف شدید مظاہرے کیے۔ منگل کے روز ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ارجنٹائن کے دارالحکومت بوینوس ایریس میں اس وقت کیا گیا جب اسرائیلی صدر اعلیٰ سیاسی اور فوجی شخصیات سےملاقاتیں کررہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھےتھے جن پر”اسرائیل مردہ باد” “ظالم قاقتل شمعون ملک سے نکل جاؤ” اور “فلسطینیوں کے خون کا حساب دیا جائے” کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرینوں اور شاہراؤں پرپوسٹر بھی چسپاں کیے جن پرفلسطین میں اسرائیلی مظالم کو آشکار کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جگہ جگہ پرشمعون پیریز کی تصویریں اس انداز میں آویزاں کی گئی تھیں جن میں انہیں فلسطینیوں کے ساتھ ظلم کرتے دکھا گیا تھا۔ مظاہرین نے صدر مقام میں ایک مرکزی شاہراہ پر اسرائیلی صدر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اسرائیلی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا۔ تاہم پولیس نے مظاہرین کو سفارت خانے کی جانب بڑھنے سے روک دیا۔ مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسرائیل سے فلسطین میں مظالم بند کرنے اور غیر قانونی یہودی آباد کاری کی توسیع کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی صدر کو قاتل قراردیتے ہوئے ارجنٹائن سے فوری طور پرنکل جانے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی صدر کے برازیل پہنچنے پر بھی ان کے خلاف مظاہرے کیے گئے تھے۔